یوم الحاق پاکستان:کشمیریوں کو ان کا حق دلانےکیلئےلڑتے رہیں گے، وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پراس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہم پاکستانی کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کیلئےلڑتے رہیں گے۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظورکی تھی اور اس کی یاد میں آج ہم یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کا حق خود ارادیت یواین سیکیورٹی کونسل نے تسلیم کر رکھا ہے اور آج ہم ایک بار پھرکشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ساتھ دینے کےعزم کی تجدید کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کشمیریوں کی بھارتی حکومت کے مظالم کے خلاف جدجہد میں ساتھ دیتے رہیں گے۔ کشمیریوں کو ایک دن ضرور انصاف ملے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج ہم یومِ الحاقِ پاکستان کے تاریخی موقع کو یاد کرتے ہیں۔ آج کے دن اہلِ کشمیر نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی۔ ہم کشمیری عوام سے اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں، حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کےساتھ کھڑے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ اہلِ کشمیر کیلئےخودارادیت کا حق سلامتی کونسل کی جانب سےتسلیم شدہ ہے۔ کشمیری عوام نسل پرست بھارتی سرکارکے ظالمانہ ہتھکنڈوں کےخلاف صف آرا ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن کشمیر کی حقیقی قیادت نے الحاق پاکستان کا تاریخی فیصلہ کیا تھا۔ بھارتی ظلم و جبر اورغیر قانونی قبضے کے باوجود کشمیری اپنے فیصلے پر کھڑے ہیں۔ پاکستانی آزادی کیلئےکشمیریوں کی غیر مشروط حمایت جاری رکھیں گے۔

یوم الحاق پاکستان پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ قرارداد الحاق پاکستان کے پیچھے کشمیری عوام کی منشا تھی۔

قرارداد کسی جماعت کی جنرل کونسل کا اجتماع نہیں تھا کشمیری عوام کی خواہش تھی جس کے تناظر میں تحریک آزادی کا آغاز ہوا۔

راجہ فاروق حیدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی بنیاد 19 جولائی کی قرارداد الحاق پاکستان ہے اور اس نے کشمیریوں کیلیے راستہ متعین کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جموں اور لداخ والے اپنے کشمیری تشخص کو برقرار رکھیں۔ اسٹیٹ سبجیکٹ کا قانون مہاراجہ ہری سنگھ نے بنایا تھا اور ہم اس قانون پر قائم ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق نے کہا کہ جموں کے کشمیری اسٹیٹ سبجیکٹ کے قانون کی حفاظت کریں۔


متعلقہ خبریں