کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تیسرا دن ہوگیا، تحریک انصاف کی حکومت نے اپنی کرپشن سے متعلق میرے سوالات کا جواب نہیں دیا۔
ایک بیان میں بلاول نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے وزیروں کے فرنٹ مین پشاور بس ریپڈ بس منصوبے میں ہونے والی کرپشن میں ملوث ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ان کے فرنٹ مین کراچی کے کےالیکٹرک کی کرپشن کوتحفظ فراہم کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کو قتل کی دھمکیاں
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں ابراج گروپ سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ دکھائی تھی۔ ابھی تک اس کا کوئی جواب نہیں ملا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ اپنی پریس کانفرنس میں عمران خان کی بہن کی کرپشن کامعاملہ اٹھایا تھا لیکن جواب نہیں ملا۔ میں نے سوال اٹھائے مگر نیب اورعدالتیں چپ ہیں۔ میرے سوالات پر پی ٹی آئی بھی خاموش ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دیے گئے مناظرے کا چیلنج قبول کرلیا تھا۔
بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیرمراد سعید نے کہا تھا کہ پرچی پر بننے والے چیئرمین خوب رٹہ لگائیں، پرچی بھی بنائیں اور مناظرے کیلئے تیارہوجائیں۔ پارلیمنٹ، میڈیا یاعوامی فورم جس کا چاہیں انتخاب کریں فیصلہ آپ کاہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایوان میں تو بحث کی بجائے، بلاول بھٹو نودو گیارہ ہوجاتے ہیں۔ بلاول نے پیپلزپارٹی کے خلاف رپورٹ پڑھی لیکن یاد نہیں لکھا کیاہے۔
مراد سعید نے کہا تھا کہ بلاول اپنی تین نسلوں کے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے 7 سال سے موازنہ سے بھی بھاگ گئے ہیں۔ ہمت وہ کرسکتاہےجس کےگناہوں کی کہانیوں سے جے آئی ٹیزنہ بھری ہوں۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا تھا کہ مناظرہ قبول کرنے کی جرات وہ کرے گا جس نے عزیربلوچ اورگینگ وارز نہ پالے ہوں۔ جرات وہ کرے گا جس کا دامن جعلی کھاتوں، اومنی گروپوں اور ٹی ٹیوں سے آلودہ نہ ہوں۔