https://www.facebook.com/HUMNewsPakistan/videos/592815254711410/
اسلام آباد: احتساب عدالت نے ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں سابق صدرآصف زرداری سمیت14 ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے معاملے کی سماعت کی ہے۔ آصف زرداری نے اپنے وکیل کے توسط سے درخواست دی کہ کورونا اوربیماری کی وجہ سےعدالت پیش نہیں ہوسکتا۔
عدالت نے سابق صدرآصف علی زرداری سمیت 14ملزمان 4 اگست کوطلب کیا ہے۔ عدالت نے ویڈیو لنک کے ذریعے ملزمان پرفردجرم عائد کرنےکا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہیں کہ قومی احتساب بیور(نیب) ویڈیو لنک کا انتظام کرے۔
احتساب عدالت نے آصف زرداری کے شریک ملزم اشفاق لغاری کو اشتہاری قرار دے کرمقدمہ الگ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں نوڈیرو ہاؤس کےانچارج ندیم بھٹو کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ندیم بھٹو سے تفتیش کے بعد آصف زرداری کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔
ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ ٹھٹھہ واٹرسپلائی کےغیرقانونی ٹھیکےدیئےگئے، ٹھیکوں کے نتیجے میں رقم جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ندیم بھٹوکےاکاؤنٹس میں آتی رہی اور ندیم بھٹو اس رقم سےنوڈیرو ہاؤس کا انتظام چلاتے رہے۔
دریں اثنا اسلام آبادکی احتساب عدالت میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس کی سماعت کی۔
پارک لین ریفرنس میں آصف علی زرداری پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے قومی خزانے کو 3 ارب 77 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ریفرنس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر عثمان سیف اللہ، انور سیف اللہ اور سلیم سیف اللہ سمیت دیگر ملزم نامزد ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت دو ارب روپے ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔
گزشتہ سال جولائی میں چیئرمین نیب کی جانب سے پارک لین ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور شریک ملزمان کے خلاف دائر کیا گیا ریفرنس 13 صفحات پر مشتمل ہے۔