ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار ہو گیا

ہوشیار: جمعہ سے پیر، سندھ اور بلوچستان میں بارش کی پیشنگوئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ نوشہرہ میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔

میانوالی، کمر مشانی، داؤد خیل سمیت گردونواح میں صبح ہوتے ہی گرچ چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ شکر گڑھ اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم زیریں سندھ، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش اسلام آباد میں 12 ملی میٹر، راولپنڈی میں 10 ملی میٹر، کشمیر کے ضلع راولاکوٹ میں 8 ملی میٹر، کوٹلی میں 5 ملی میٹر، خیبر پختونخوا کے علاقے دروش میں 8 ملی میٹر، دیر میں 4 ملی میٹر، کالام میں 2 ملی میٹر اور کراچی میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ِ

گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی موہنجوداڑو میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ، تربت اور جیکب آباد میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں