لاہور/کوئٹہ: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذت کردی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کراچی سٹاک ایکسچینج پر حملہ ملک دشمن عناصر کی سازش ہے۔ بہادر سیکیورٹی فورسزنے معیشت کو ضرب لگانے کی مذموم کوشش کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔پاکستانی قوم ہر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے متحد ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملہ: آر آر ایف کے 6 اہلکاروں نے دہشت گردوں سے مقابلے کیا
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گرد کارروائی میں جانی نقصان پر دکھ اور افسوس ہوا۔ سیکیورٹی فورسز کو بروقت اور موثر کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اسٹاک ایکسچیج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ وزیرستان حملے کے بعد بیان دیا تھا کہ بھارت نے سلیپرسیل متحرک کیے ہیں۔ آج کے حملے کے تانے بانے اٹھا کر دیکھ لیے جائیں تو انھیں سلیپر سیل سے ملیں گے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے جوانوں پر حملے میں بھارت کا ہاتھ تھا۔ بھارت پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا۔ ہم کرتارپورراہداری کھول رہے ہیں اوربھارت سے امن برداشت نہیں ہورہا۔
خیال رہے کہ آج صبح دہشت گردوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تھا تاہم پولیس اور سیکیورٹی گارڈز نے حملہ ناکام بنایا تھا۔ پولیس اور سیکیورٹی گارڈز سے فائرنگ کے تبادلے میں تمام چار حملہ آور مارے گئے تھے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پولیس سب انسپکٹر سمیت6 افراد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔ فائرنگ سے4 سیکیورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا۔