اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ شاہ زین بگٹی ہمارے اتحادی ہیں اور سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پروپگنڈہ زیادہ ہے اور حقیقت کچھ نہیں ہے جب کہ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر اس ہفتے مطالبات حل نہ کیے گئے تو ساتھ چلنا مشکل ہو گا۔
قربتیں بڑھ رہی ہیں، اخترمینگل: فیصلہ امید کی کرن ہے،فضل الرحمان
ہم نیوز کے مطابق حکومت سے ناراض ہونے والے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی سے بات چیت کے لیے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں وفاقی وزیر اسد عمر اورڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری پر مشتمل وفد ان کی رہائش گاہ پہنچا جہاں تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے بجٹ کی منظوری کے لیے شاہ زین بگٹی سے حمایت مانگی جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے حکومت کے سامنے اپنے مطالبات رکھ رہے ہیں مگر مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
ہم نیوز کو اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے اس موقع پر واضح طور پر کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو جلد آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اور حکومتی وفد کے سربراہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے بات چیت کے اختتام پر ذرائع ابلاغ کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہا کہ شاہ زین بگٹی ہمارے اتحادی ہیں۔
ایم کیو ایم کے بعد ق لیگ، حکومتی اتحاد میں ایک اور دراڑ
سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ایک سوال کے جواب میں حکومتی وفد کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ حکومت کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیرپرویز خٹک نے کہا کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروپگنڈہ زیادہ ہے اور حقیقت میں کچھ بھی نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے دعویٰ کیا کہ آج ہونے والی ملاقات سے حکومتی وفد پوری طرح مطمئن ہے۔
ہم نیوز کے مطابق اس موقع پر جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے واضح طور پر کہا کہ اگر حکومت کو پیش کردہ مطالبات تسلیم کیے گئے تو ساتھ رہیں گے۔
شاہ زین بگٹی نے انتہائی صاف الفاظ میں ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس ہفتے مطالبات حل نہ ہوئے تو ساتھ چلنا مشکل ہوگا۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کی بھی اس وقت حکومت سے کافی ناراضگی ہے جس کا وہ تسلسل کے ساتھ اظہار کر رہے ہیں۔
اسد قیصر اور اختر مینگل کی ملاقات، بلوچستان کے مسائل پر گفتگو
دلچسپ امر ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اختر مینگل اور شاہ زین بگٹی سے اس وقت اپوزیشن رہنماؤں کے رابطے ہو رہے ہیں اور بات چیت کا بھی سلسلہ جاری ہے۔