اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں تعلیم یافتہ، متحرک اور پارٹی کے جانثار نوجوانوں کو سامنے لائیں گے۔
خیبرپختونخوا (کے پی) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئندہ امیدواروں کے چناؤ میں احتیاط سے کام لیں گے۔ ایسے لوگوں کو آگے آنے کا موقع دیں گے جو واقعی کچھ کرنے کی لگن رکھتے ہیں۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ امیدواروں سے ٹکٹ کی درخواست کے ساتھ حلف وفاداری بھی لیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کو تحریک انصاف الیکشن مینجمنٹ سیل کے سربراہ نے بریفنگ بھی دی۔
یہ بھی دیکھیں: عام انتخابات سے قبل خیبرپختونخوا میں سیاسی قلابازیاں عروج پر
چیئرمین پی ٹی آئی نے کے پی میں کیے گئے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام صوبے میں تحریک انصاف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
اجلاس میں کے پی کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سمیت پارلیمانی بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔