وزیر اعظم کا دورہ لاہور، صوبائی وزرا کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع

وزیر اعظم کا دورہ لاہور، صوبائی وزرا کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع

فائل فوٹو


لاہور: وزیر اعظم عمران خان آج صوبائی وزرا کی کارکردگی کے تناظر میں اہم فیصلے کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان اس وقت لاہور کے دورے پر ہیں اور وہ آج گورنر اور وزیر اعلیٰ ہاؤس پنجاب جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے صوبائی کابینہ کے اراکین ملاقات کریں گے جبکہ وزراء کی کارکردگی رپورٹس کے تناظر میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا سے متاثرہ علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں،وزیراعظم

وزیر اعظم کو پنجاب میں اسپتالوں کی صورتحال پر بریفنگ کے علاوہ پنجاب بجٹ سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران گزشتہ روز قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت کے بعد لاہور پہنچے تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے رات کو اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں قیام کیا۔ وزیراعظم کو انسداد کورونا سے متعلق اقدامات کے بارے بریف کیا جائے گا۔

اس سے قبل 7 جون کو وزیراعظم عمران خان نے صوبوں کو ہدایت کی  تھی کہ وہ وفاق کی طرز پرغیر ضروری حکومتی اخراجات میں کمی لائیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ صحت کے شعبے کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے یہ ہدایت وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مجوزہ بجٹ برائے مالی سال 21-2020 کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں دی تھی جو ان کی زیرصدارت منعقد ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاق، پنجاب اور کے پی کے مجوزہ بجٹ برائے مالی سال 21-2020 کے حوالے سے غورو خوص کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: حکومت کا گندم، آٹے کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پنجاب اور کے پی کی معاشی ٹیم نے برائے مالی سال 2020-21 کے بجٹ کے محصولات پر بریفنگ دی تھی۔

صوبائی حکام نے اس موقع پراخراجات اور بجٹ کے متعلق صوبائی حکومتوں کی ترجیحات پر بریفنگ دی تھی اور حقائق سے آگاہی دلائی تھی۔


متعلقہ خبریں