سعودی عرب میں ایک اور پاکستانی ڈاکٹر کورونا سے جاں بحق


ریاض: سعودی عرب میں ایک اور پاکستانی ڈاکٹر کورونا سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر جمشید الخبر کے مقامی اسپتال میں ہارٹ اسپیشلسٹ کے طور پر کام کر رہے تھے اور چند روز قبل کورونا وائرس میں مبتلا رہنے کے بعد آج انتقال کر گئے۔

ڈاکٹر جمشید 40 سال سے سعودی عرب میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ ساتھی ڈاکٹروں اور پاکستانی کمیونٹی نے ڈاکٹر جمشید کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں اس وقت کئی پاکستانی ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز مہلک وبا کورونا کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں جبکہ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک 3 پاکستانی ڈاکٹر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

گزشتہ روزکورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر عبدالغنی کورونا کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

صدر پاکستان ڈاکٹر گروپ اسد رومی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالغنی کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کر رہے تھے۔

قبل ازیں سعودی عرب کے شہر مکہ میں پاکستانی ڈاکٹر نعیم خالد چودھری جاں بحق ہوگئے تھے۔ 47 سالہ ڈاکٹر نعیم خالد چودھری پہلے پاکستانی ڈاکٹر تھے جنہوں نے مہلک وبا کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے سعودی عرب میں جان کی بازی ہاری۔

یہ بھی پڑھیں: لندن: کورونا، جنگ میں پاکستانی ڈاکٹر نے جان کی بازی ہار دی

ڈاکٹر نعیم خالد چودھری مکہ کے حرا جنرل اسپتال میں بحیثیت جنرل سرجن فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ سعودی عرب میں کام کرنے والے وہ پہلے پاکستانی ڈاکٹر تھے جو کورونا وائرس کی وجہ سے دار فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ اورتین بیٹیاں شامل ہیں۔

ڈاکٹرنعیم خالد چوہدری  کی اہلیہ ڈاکٹر طوبیٰ بھی مکہ کے حرا جنرل اسپتال میں ریڈیو لوجسٹ ہیں۔ افسوسناک امر ہے کہ انہیں اور ان کی تین بیٹیوں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں