اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملک میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے کمیٹی قائم کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے نام طلب کر لیے۔
تعلیمی نظام میں بہتری کے حوالے سے تجاویز تیار کرنے کے لئے قائم کمیٹی کا سربراہ وفاقی محتسب طاہر شہباز کو مقرر کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کے موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں تعلیم کا کردار بڑا اہم ہے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت تعلیم ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے۔ ریاستی اداروں کی جانب سے تعلیم پر توجہ دیے بغیر کچھ بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ تعلیمی پالیسی بنانا عدالت کا کام نہیں، ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے یہ یقینی بنانا عدالت کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے ہر اقدام کیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی محتسب طاہر شہباز، ڈاکٹر مختار احمد، وفاقی سیکرٹری کیڈ، وفاقی اور صوبائی سیکرٹریز تعلیم نے شرکت کی۔