پاکستان: ہر10لاکھ افراد میں سے9کورونا وائرس سے جاں بحق

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں تا دم تحریر ہر10لاکھ افراد میں سے9 افراد کورونا سے  جاں بحق ہوئے۔ پاکستان میں کورونا سے گزشتہ 100 دنوں میں 1900 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میں 100 سے زائد لیبارٹری ٹیسٹ کررہی ہیں اور روزانہ ہزاروں کی تعداد میں ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور حکومت نے وینٹی لیٹرز کی دستیابی سےمتعلق نیانظام شروع کیا۔

آئی سی یوبیڈز اور وینٹی لیٹرزکی دستیابی سے متعلق موبائل ایپ بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔  ڈاکٹرز اور ریسکیو ادارے وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے متعلق اس ایپ کے ذریعے معلومات حاصل کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 99 ہزار کے قریب پہنچ گئی، 2002 افراد جاں بحق

پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 98943 ہو گئی ہے جبکہ اس سے اب تک 2002 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور دیگر حکومتی وزیر اس بات کا اعادہ کر رہے ہیں کہ اس  وبا کو روکا نہیں جاسکتا، ہمیں اس وائرس کے  پھیلاؤ کو کم کرنا ہے۔

حکومت نےعندیہ دیا کہ حتیاطی تدابیر نہ کرنے والوں  کے خلاف کارروائی ہو گی کیوں کہ وہ دوسروں کی زندگیاں  خطرے میں ڈال رہے  ہیں۔ احتیاطی تدابیر نہ اپنانے والے اپنی اور دوسروں کی زندگی اور کاروبار خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

پاکستان کا صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 37 ہزار 90 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 36 ہزار 364، خیبرپختونخوا میں 13 ہزار 01، بلوچستان میں 6 ہزار 221، اسلام آباد میں 4 ہزار 979، آزادکشمیر میں 361 اور گلگت بلتستان میں 927 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔  ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 683 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 634، خیبر پختونخوا میں 561، اسلام آباد میں 49، گلگت بلتستان میں 13، بلوچستان میں 54 اور آزاد کشمیر میں 8 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں