عالمی وبا کے دوران بھی سندھ حکومت کرپشن میں مصروف ہے، مراد سعید



اسلام آباد:وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ اس عالمی وبا کے دوران بھی سندھ حکومت کرپشن میں مصروف ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر وزیراطلاعات شبلی فراز کے ہمراہ ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعاصم کے اسپتال سمیت دیگر نجی اسپتالوں کو سندھ حکومت دو سو مریضوں کے لیے ایڈوانس میں رقم دینے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو بتائیں کہ ان کے والد آصف علی زرداری کا علاج سندھ کے کس اسپتال میں ہو رہا ہے۔ جب ان کو اپنے اسپتالوں پر اعتماد نہیں اور ہم اسی طبی نظام میں کورونا کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا ایک عالمی وبا ہے جس کے سامنے دنیا کے بہترین طبی نظام رکھنے والے ممالک بھی بے بس دکھائی دے رہے ہیں، امریکہ میں کورونا سے لاکھوں ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وبا آنے کے بعد کہا کہ ہم نے لوگوں کو کورونا اور غربت سے بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم لاک ڈاون کی طرف گئے تو غریب طبقے کے لیے وفاقی حکومت نے پیکج کا اعلان کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ دنیا نے احساس پروگرام کو سراہا ہے جبکہ حکومت نے تمام صوبوں کو کورونا کٹس اور دیگر سامان بروقت مہیا کیا۔

مراد سعید نے کہا کہ بلاول بھٹو کو اپنا تقریر نویس بدل لینا چاہئے وہ جب بھی آتے ہیں رٹی رٹائی باتیں کر کے چلے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ گھبرائے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے راشن کا وعدہ کیا لیکن کسی کو نہیں ملا،سندھ حکومت روز بھاشن تو دیتی ہے لیکن راشن نہیں دیتی،راشن کیلئےلوگ لاڑکانہ،حیدرآباد،کراچی میں سڑکوں پرآئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں گذشتہ ایک سال میں 19ہزار لوگوں کو کتوں نے کاٹا ہے مگر ان کے پاس اس کی ویکسین تک موجود نہیں ہے۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ این سی او سی میں کئے جانے والے تمام فیصلوں میں تمام صوبوں کے لوگ اور ڈاکٹرز شامل ہوتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کے اعداد و شمار اور دیگر اقدامات کے حوالے سے عوام کو آگاہ کرتے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چند سیاسی جماعتیں پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہیں بالخصوص پیپلز پارٹی کو یہ برداشت نہیں ہو رہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اس وبا کو کیسے کامیابی سے ڈیل کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں