نوازشریف کی طلبی: نیب نوٹس لے کر جاتی امرا پہنچ گئی


لاہور:قومی احتساب بیورو(نیب) کی ٹیم سابق وزیراعظم نوازشریف کی طلبی کا نوٹس لے کر ان کی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچ گئی۔

نیب لاہورکی جانب سے نوازشریف کو طلبی کا سمن بھجوایا گیا ہے جس میں انہیں21 اپریل کو صبح 11 بجے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم کی طلبی کا نوٹس جاتی امرا کے سکیورٹی اسٹاف نےوصول کیا۔

رائے ونڈ روڈ کی تعمیر میں ہونے والی کرپشن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

سابق نوازشریف پرالزام ہےکہ انہوں نے بطور وزیراعظم 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جاتی امرا تک سڑک کی چوڑائی 20 سے 24 فٹ کروائی جس سے لاگت میں اضافہ ہوا۔

نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے بھائی کے ساتھ مل کر ذاتی فائدے کے لئے سڑک بنائی جس کیلئے بہت سے عوامی منصوبے بند کرنا پڑے اورعوام کا نقصان ہوا۔

سابق وزیراعظم اور موجودہ وزیراعلیٰ پر الزام ہے کہ ایک اسکول اور ڈسپنسری کا بجٹ استعمال کرکے اپنی رہائش گاہ کیلئے سڑک تعمیر کروائی۔

چیئرمین نیب نے معاملے کی براہ راست تحقیقات( انویسٹی گیشن) کا حکم دیا تھا۔

ڈی جی نیب لاہور نے چیئرمین نیب کے حکم پر خصوصی ٹیم تشکیل دی جس میں دو ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل ہیں۔

17اپریل 2000ء میں شروع کی جانے والی تفتیش کے مطابق 12 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم کی کرپشن کی گئی۔

2016 تک کرپشن انکوائری التوا کا شکار رہی اور2016کے بعد دوبارہ انکوائری پر کام شروع کیا گیا۔

نیب لاہورکے مطابق رائے ونڈ روڈ کرپشن سے متعلق تمام ریکارڈ جمع کرلیا گیا ہے۔

اسی ضمن میں ضلع کونسل اور ایل ڈی اے کے افسران و ٹھیکیداران کو بھی طلب کیا جائے گا۔

تفتیش مکملہونے کے بعد کرپشن ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں