اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے امریکی سفارتی عملے کو پاکستان لانے کے لیے خصوصی پرواز کی اجازت دے دی ہے۔
خصوصی طیارہ 45 رکنی امریکی سفارتی عملے کو لے کر پاکستان پہنچے گا، طیارہ واپسی پر 8 سفارت کاروں کو اسلام آباد سے امریکہ بھی لے جائے گا۔
امریکی سفارتی عملے کو وزارت خارجہ کی درخواست پر خصوصی طیارے کی اجازت دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا: سی اے اے نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے اس ضمن میں نوٹم جاری کر دیا، جہاز کے عملے کو طیارے سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سی اے اے کے جاری کردہ نوٹم کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے امریکہ کے لیے اپنی پانچویں پرواز کا اعلان کیا تھا۔
پی آئی اے کی خصوصی پرواز31 مئی کو اسلام آباد سے امریکہ کے شہر نیو جرسی جائے گی۔ نیو جرسی کے نیو آرک ائیرپورٹ سے اسلام آباد کیلئے پرواز یکم جون کو روانہ ہوگی۔
واشنگٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانہ اور دیگر چار شہروں میں پاکستانی قونصل خانے پاکستانیوں کی رجسٹریشن کررہے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق جن کی رجسٹریشن ہو گئی ہے انہیں ان پروازوں پر ترجیحی بنیادوں پر نشست فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک جاں بحق ہونے والوں کی میتیں لانے کی اجازت
پاکستان میں قیام پذیر امریکی شہری یا مستقل رہائشی جو پاکستان سے امریکہ جانا چاہتے ہیں وہ اس خصوصی پرواز کیلئے رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق خصوصی پرواز پر جانے کیلئے فوری طور پر ای میل specialflights@piac.aero پر رجسٹریشن کروائیں۔
بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو سیدھا قرنطینہ مرکز منتقل کیا جائے گا ۔ نجی یا سرکاری قرنطینہ مرکز میں قیام کا انتخاب مسافر حضرات خود کر سکتے ہیں۔