سندھ:24گھنٹوں میں صرف2اموات، نئےکوروناکیسزکی تعدادصحتیاب ہونے والوں سےکم ہوگئی

پاکستان میں کورونا

فائل فوٹو


کراچی: صوبہ سندھ میں کوروناوائرس کے کیسز کی تعداد 22 ہزار934 ہوگئی ہے اور369 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 443 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید2 افرادجاں بحق ہوئے ہیں۔

کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 214کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مریضوں کی مجموعی تعداد18 ہزار37 تک پہنچ گئی ہے۔

مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ نئے مریضوں کی تعداد صحتیاب ہونے والے مریضوں سے کم ہے۔ عیدالفطر کے موقع پر ایک ہزار 852 ٹیسٹ کیے گئے اور صوبے میں 205مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس:پاکستان میں 1167 افراد جاں بحق،56 ہزار 349متاثر

انہوں نے بتایا کہ سندھ کے مختلف اسپتالوں میں اس وقت کورونا کے 14ہزار592مریض زیر علاج ہیں جن میں سے46 وینٹی لیٹر پر ہیں جب کہ آج 614 مریض صحت یاب ہو کر گھر جاچکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ ایک ہزار اموات ہونے میں 85 دن لگے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث 1167 اموات ہوچکی ہیں جب کہ56 ہزار349 افراد متاثر ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پنجاب میں20 ہزار77، خیبرپختونخوا7 ہزار905، بلوچستان 3 ہزار 407، اسلام آباد1641، گلگت بلتستان619 اور آزادکشمیرمیں209کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 398 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ پنجاب337، اسلام آباد16، گلگت بلتستان7، بلوچستان 40 اور آزاد کشمیر میں 2 شخص کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔


متعلقہ خبریں