ریاض: ترکی میں قتل کیے جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے بیٹوں نے والد کے قاتلوں کو معاف کرنے کا اعلان کر دیا۔
عرب ٹی وی چینل الجزیرا کے مطابق جمال خاشقجی کے بیٹے صلاح خاشقجی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس ماہ مقدس رمضان کی پاک رات میں اللہ کی اس بات کو ذہن میں رکھتے ہیں کہ جو معاف کرتا ہے اور مفاہمت کا راستہ اختیار کرتا ہے تو اس کا اجر اللہ دے گا۔
— salah khashoggi (@salahkhashoggi) May 21, 2020
ان کا کہنا تھا کہ ہم شہید جمال خاشقجی کے بیٹے اپنے والد کے قاتلوں کو معاف کرنے کا اعلان کرتے ہیں اور اس کا اجر اللہ سےمانگتےہیں۔
جمال خاشقجی قتل کیس: پانچ افراد کو سزائے موت
یاد رہے کہ 23 اکتوبر 2018 کو سعودی صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں قتل کیا گیا تھا اور ان کی لاش کے ٹکڑے مبینہ طور پر سعودی قونصل جنرل کے گھر سے برآمد ہوئے تھے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق صحافی کی لاش کے ٹکڑے سعودی قونصل جنرل کے گھر کے باغ میں دفن کیے گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمال خاشقجی کا جسم کئی ٹکڑوں میں تقسیم کیا گیا تھا اور ان کا چہرہ مسخ کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے سعودی صحافی خا شقجی دو اکتوبر 2018 کو استنبول میں سعودی قونصل خانہ میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کی گمشدگی کے کچھ دن بعد ترکی کا موقف سامنے آیا تھا کہ خاشقجی کو قتل کیا جاچکا ہے۔
خاشقجی کی گمشدگی کے بعد مغرب کی طرف سے سعودی عرب پر دباؤ بہت بڑھ گیا تھا کہ وہ اس گمشدگی کے بارے میں قابل اعتبار وضاحت فراہم کریں جبکہ متعدد مغربی ممالک نے سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے بھی بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔