ٹرینیں چلانے کا فیصلہ منگل کو ہوگا


راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید نے بتایا ہے کہ ٹرینیں چلانے کے متعلق فیصلہ منگل ہوگا اور وزیراعظم سے اجازت نہ ملنے کی صورت میں بدھ کو مسافروں کو رقم واپس کرنا شروع کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے وفاق اور وزیر اعظم عمران خان کے ماتحت ہے اور ٹرںیں چلانے کے سلسلے میں مجھے صرف وزیراعظم سے ملاقات کا انتظار ہے۔

وزیرریلوے کا کہنا تھا عید پر 50فیصد بزنس ہوتا ہے اور 24کروڑ روپے ایڈوانس بکنگ کے جمع ہیں۔ کراچی کا ٹریک کھلے گا تو ہی ٹرین چلے گی، ورنہ نہیں چلے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں کسی صوبے کا محتاج نہیں اور نہ وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز کا پابند ہوں۔ میں کل بھی فیصلہ کر سکتا ہوں کہ ٹرین منگل یا بدھ کو چل سکتی ہے۔ ایسا نہیں ہو سکتا آپ تمام سواریوں کو اجازت دیں اور ریلوے کو نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے فیصلے کا منتظر ہوں۔ ریلوے صرف پنجاب نہیں پورے پاکستان کی ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق صوبوں کی الگ الگ آراء سامنے آئی ہیں۔ سندھ اور بلوچستان نے ٹرانسپورٹ نہ کھولنے کا عندیہ دیا ہے۔

وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس قادرشاہ کا کہنا تھا کہ لگتا نہیں وفاق اپنے ہی فیصلوں پرعمل کر رہا ہے مگر ہم ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر نہیں کھول سکتے۔

رجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ  ٹرانسپورٹ کھولنےسےمتعلق ٹرانسپورٹرز سے بات چیت ہورہی ہے۔

بلوچستان میں تاجروں نے بھی ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا۔ ٹرانسپورٹرز سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کراسکیں گے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے سوموار سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں