دیامربھاشاڈیم کی تعمیر پر کام بہت جلد شروع ہوگا، وزیراعظم کو بریفنگ


اسلام آباد: متعلقہ حکام نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا ہے کہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں تعمیر کیا جانے والا دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا کام بہت جلد شروع ہوجائے گا۔

 

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت زرعی اورتوانائی ضروریات پرنیشنل واٹرسیکیورٹی اسٹریٹیجی اور ڈیمزکی تعمیرسے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کع ڈیم سے متعلق زیر التوا معاملات پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ منصوبے کی راہ میں حائل تمام مسائل کو دور کرلیا گیا ہے۔ منصوبے کی تعمیرکوحتمی شکل دی جاچکی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف وجوہات کی بنا پرمنصوبے کی تعمیرمیں ایک دہائی سے ذیادہ کا وقت لگا۔ منصوبے پر کام شروع ہونے سے 16 ہزار500 نوکریاں پیدا ہوں گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے پرسیمنٹ اوراسٹیل کے بھرپوراستعمال سے صنعت کو سہارا ملے گا۔ دیامربھاشا ڈیم سے4500 میگاواٹ سستی بجلی بھی حاصل کی جاسکےگی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیم کے گردونواح میں رقبے کی سوشل ڈیویلپمنٹ پر 78.5 ارب روپے خرچ  کیے جائیں گے۔ ڈیم میں6.4ملین ایکڑفٹ پانی ذخیرہ کرنےکی گنجائش ہوگی۔

متعلقہ حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ڈیم کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت سے ملک کو درپیش 12 ملین ایکڑفٹ کمی میں بہتری آئے گی۔

مزید پڑھیں: دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق جائزہ اجلاس

گلگت بلتستان کے ضلعے دیامر میں تعمیر کیا جانے والا دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبے پر 14 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس سے 45 سو میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ ڈیم کا پانی آبپاشی اور پینے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم پانی ذخیرہ کرنے کے حوالے سے زیادہ بہترین آپشن ہے۔ آبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم کی صلاحیت تیزی سے ختم ہوتی جا رہی ہے جب کہ دیامر بھاشا ڈیم پانی ذخیرہ کرنے کے حوالے سے زیادہ بہترین آپشن ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آبی ذخائر تعمیر کرنے کی بہت ضرورت ہے جب کہ پاکستان کے پاس دو ہزار 66 کیوبک کلومیٹر گلیشیئرز ہیں۔

 


متعلقہ خبریں