سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد8 ہزار سے بڑھ گئی



کراچی: سندھ میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے307نئےکیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مجموعی تعداد8 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ کراچی میں کورونا کے237نئے کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔ کراچی میں کورونا کیسزکی تعداد6ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سندھ میں 11اموات رپورٹ ہوئیں اور مجموعی تعداد 148ہوگئی ہے جب کہ متاثرہ 79 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد8189 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس، پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی

سندھ میں3 ڈاکٹرز بھی کورونا وائرس کے سبب جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ وزارت قومی صحت کی رپورٹ کے مطابق مہلک وبا سے ابتک 216 ڈاکٹرز متاثر ہوئے ہیں، اسی طرح 67 نرسسز اور161 طبی عملہ کے اراکین بھی کوروناکا شکار ہوئے ہیں۔

طبی عملے میں سب سے زیادہ اڑتیس افراد خیبرپختونخوا میں جبکہ سندھ میں33، پنجاب23، بلوچستان 35، گلگت بلتستان 16، اسلام آباد میں تیرہ اور آزاد کشمیر میں تین افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

ملک بھر میں ڈاکٹرز سمیت 444 ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 10 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 486 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 21 ہزار 501 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,315 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

پنجاب میں 8 ہزار 103، خیبرپختونخوا 3,288، بلوچستان 1,321، اسلام آباد 464، آزاد کشمیر 71 اورگلگت بلتستان میں 372 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 185 اموات ہوئی ہیں۔ پنجاب میں 136، بلوچستان 21، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 173 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔


متعلقہ خبریں