دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے پی سی بی کا تربیتی کیمپ شروع


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیراہتمام دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے ممکنہ 25 کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ شروع ہو گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے دورے کے لئے ٹیم کے حتمی گیارہ کھلاڑیوں کا اعلان تو نہیں ہوا تاہم ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی نگرانی میں تربیتی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
کیمپ لاہورمیں 11 سے15 اپریل تک جاری رہے گا جس میں اظہرعلی، سمیع اسلم، حارث سہیل، اسد شفیق، بابراعظم ، فخرزمان، عثمان صلاح الدین، فواد عالم، اسد علی، امام الحق ، راحت علی، میرحمزہ ، سرفراز احمد، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسین طلعت شرکت کررہے ہیں۔
شاہین شاہ، عثمان خان شنواری اور موسیٰ خان کیمپ میں شرکت کے لئے پہلے ہی طلب کئے جاچکے ہیں۔ محمد عباس انگلینڈ میں ہونے کی وجہ سے کیمپ میں شریک نہیں ہیں۔
تربیتی کیمپ سے قبل قومی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی لئے گئے تھے۔ عماد وسیم اور یاسر شاہ نے ان فٹ ہونے کی وجہ سے فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے تھے۔
تربیتی کیمپ کے آغاز پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے آئی سی سی ایک روزہ کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے پر حسن علی اور بابر اعظم کو کیپ بھی پہنائی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے دو ماہ قبل حسن علی اور بابر اعظم کو ‘آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر’ میں شامل کیا گیا تھا۔ عمدہ کارکردگی کی بناء پر آئی سی سی ٹیم کا حصہ بننے والے دونوں کھلاڑی قومی ٹیم کے ہمراہ مصروف ہونے کے سبب تقریب میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ جس کے بعد ان کی کیپس پی سی بی کو بھجوا دی گئی تھیں۔
آئی سی سی ون ڈے ٹیم میں شمولیت کے بعد سے کوئی ایسی تقریب نہیں ہوسکی تھی جس میں کھلاڑیوں کو آفیشل کیپ دی جاتیں۔
انٹرنیشل کرکٹ کونسل مختلف فارمیٹس کی کرکٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو سالانہ بنیادوں پر اپنی ٹیم میں شامل کرتا ہے۔ یہ پلینگ الیون نہیں ہوتی البتہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کے اعتراف کے لئے اعزازی ٹیم کا درجہ رکھتی ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے آئندہ دورے کا آغاز آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ سے کرے گی۔ یہ مقابلہ گیارہ مئی سے شروع ہو گا۔
دورے میں پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف2 ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی کھیلے گی جب کہ پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 24مئی جب کہ دوسرایکم جون کو ہوگا۔
پاکستانی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے۔ انگلینڈ پانچویں پوزیشن پر جب کہ آئرلینڈ ٹاپ ٹین ٹیموں میں شامل نہیں ہے


متعلقہ خبریں