ایک گیم جس نے تمام فلموں، کتابوں اور گیموں کو پیچھے چھوڑ دیا


نیویارک: ’گرینڈ تھیفٹ آٹو فائیو‘ (جی ٹی اے فائیو) نے کسی بھی فلم، کتاب اور گیم سے زیادہ آمدن حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

نامور تجزیہ کار ڈوگ کروٹز کا کہنا ہے کہ جی ٹی اے فائیو نے میڈیا کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ڈوگ کروٹز امریکی ادارے کوون میں میڈیا اور انٹرٹینمنٹ سیکٹر کی تحقیق سے وابستہ ہیں۔

جی ٹی اے نے ہالی وڈ میں دھوم مچانے والی ’سٹاروارز‘ سیریز اور ’گون ود دی ونڈ‘ کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔  دونوں فلموں سے تین ارب کے قریب جب کہ صرف گیم سے چھ ارب ڈالر کا منافع ہوا ہے۔

ڈوگ کروٹز کا کہنا ہے کہ جی ٹی اے فائیو ویڈیو گیمز بنانے والی کمپنی راک سٹار کی سب سے زبردست گیم ہے۔

گزشتہ سال کے اختتام پر جی ٹی اے فائیو کی آٹھ کروڑ 50 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں تھی۔ حالیہ شمار کے مطابق یہ تعداد نو کروڑ سے زائد ہوچکی ہے۔

امریکی ویڈیو گیم کمپنی کے سربراہ اسٹراس زیلنک کا کہنا ہے کہ جی ٹی اے فائیو ٹاپ گیمز کی 50 میں سے 42 فہرستوں میں شامل تھی۔ یہ کسی بھی گیم کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔

اس گیم کی مالی کامیابیاں اپنی جگہ تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ اسے خاصے تنازعات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہالی وڈ کی ایک اداکارہ نے گرینڈ تھیفٹ آٹو فائیو پر الزام عائد کیا تھا کہ گیم بنانے والوں نے اس سے ملتا جلتا کردار تخلیق کیا ہے۔

آسٹریلیا میں ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کی ایک معروف چین نے اپنے تمام آؤٹ لیٹس سے گیم کی کاپیاں اس وقت اٹھا دی تھیں جب اس پر خواتین کا تاثر مجروح کرنے کے الزام لگے تھے۔


متعلقہ خبریں