نجی اسکولز فیس میں کمی کے نوٹیفیکشن سے متعلق حکم امتناع میں توسیع

عدالت کا سندھ حکومت کو پولیس اہلکاروں کے بچوں کو فوری نوکریاں دینے کا حکم

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیس میں 20 فیصد کمی کے نوٹیفیکشن پر عمل درآمد روکنے سے متعلق حکم امتناع میں توسیع کردی۔

عدالت نے گذشتہ سماعت پر سندھ حکومت کی جانب سے اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی کے نوٹفیکشن پر عمل درآمد روک دیا تھا۔

عدالت نے کہا کہ حکم امتناع سے متعلق احکامات کا اطلاق درخواست دائر کرنے والے صرف تین اسکولوں پر ہوگا۔

اسکول مالکان کے وکیل نے یقین دہائی کرائی کی کہ آئندہ سماعت تک فیس کی عدم ادائیگی پر بچوں کو اسکولوں سے بھی نہیں نکالا جائے گا۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے۔

عدالت نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ سے سوال کیا کہ قانون بتائیں کس قانون کے تحت فیسوں میں بیس فیصد کمی کی گئی ہے؟ عدالت نے ریمارکس دیے کہ زبردستی فیس کم کرنے کا کہا جارہا ہے۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ ایک سو آٹھ اسکولوں کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ فیس میں 20 فیصد کمی سے اسکول مالکان کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

عدالت نے کہا کہ مان لیں سارا پیسہ اسکول مالکان گھر لے جارہے ہیں مگر کس قانون کے تحت فیس کم کی گئی ہے؟

عدالت نے استفسار کیا کہ یہ جو اسکول مالکان عدالت آئے ہیں ان میں پڑھنے والے بچوں کے والدین کیا دیہاڑی دار ہیں؟

بچوں کے والدین عدالت میں پیش ہوئے اور بات کرنے کی استدعا کی تو جج نے بتایا کہ پہلے کیس میں فریق بنیں، پھر کیس میں بولنے کی اجازات ملے گی۔

مزید پڑھیں: پرائیویٹ اسکول مالکان کا فیسوں میں کمی سے انکار

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ اسکول بند ہیں، اس لیے اسی فیصد فیس لینے کا کہا گیا ہے۔

اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت اسکول فیس کم کی وہ بتایا جائے۔ اگر اس اتھارٹی نے غیر قانونی کام کیا ہے تو اسکے خلاف کارروائی کریں گے؟

عدالت نے کہا کہ آپ تمام نوٹفیکیشن واپس لیں، ہم درخواست نمٹا دیتے ہیں، آپ قانون بنائیں۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ قانون سازی کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی جائے، کابینہ کی میٹنگ نہیں ہورہی ہے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ کورونا لاک ڈاون کی وجہ سے بچوں کو فیس کی عدم ادائیگی پر نکالا نہیں جا سکتا ہے۔

عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی

 


متعلقہ خبریں