اسلام آباد: ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ اور سماجی کارکن فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے تاہم ان کی طبیعت بہتر ہے۔
ہم نیوز کے مطابق فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مورخہ20 اپریل کو ہوا تھا اور آج اس کی رپورٹ وصول ہوئی ہے۔ ٹیسٹ سے پہلے فیصل ایدھی کو ہلکے بخار اور نزلے کی شکایت تھی۔
فیصل ایدھی کئی دنوں سے کورونا کے مریضوں کے ساتھ رابطے میں تھے۔
ٹیسٹ کی رپورٹ آنے تک فیصل ایدھی کی طبیعت بالکل ٹھیک بتائی جا رہی تھی۔ فیصل ایدھی ان دنوں اسلام آباد میں موجود ہیں اور انہیں قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈاکٹرز نے فیصل ایدھی کو اسلام آباد ہی میں قیام کا مشورہ دیا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق فیصل ایدھی نے ایدھی فاؤنڈیشن کی طرف سے ایک کروڑ روپے کا چیک وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ کے لیے وزیر اعظم کو پیش کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے کچھ عملے اور فیصل ایدھی کے اہلخانہ کے بھی کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔