کارگو گاڑیوں کیلیے طورخم سرحد دوسرے روز بھی بحال


پشاور: افغانستان میں پھنس جانے والی کارگو گاڑیوں کی وطن واپسی کے لیے طورخم سرحد آج دوسرے روز بھی بحال ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمود اسلم وزیر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں گزشتہ صبح طورخم سرحدی گزرگاہ کو یک طرفہ طور پر بحال کردیا گیا تھا۔

حکومتی ہدایات کے مطابق آج دوسرے روز بھی کارگو گاڑیوں کی وطن واپسی آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

انہوں نے یہ  بھی بتایا کہ گاڑیوں کے عملہ کو جمرود میں کورنٹائین کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک روز کے دوران افغانستان میں پھنسی 101 کارگو گاڑیاں عملہ سمیت پاکستان داخل ہوئیں۔

ڈی سی کے مطابق  گاڑیوں کے 195 افراد پر مشتمل عملہ کو لنڈی کوتل میں کورنٹائین کردیا گیا۔

طورخم سرحد پر طبی عملہ، ایف سی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں گاڑیوں کا داخلہ ممکن ہوا۔

میڈیکل ایس او پی کے مطابق گاڑیوں اور عملہ کو وصول کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر، طورخم سرحدی گزرگاہ کو پاکستانی کارگو گاڑیوں کی واپسی کے لیے بحال کر دیا گیا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) عمران یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کارگو گاڑی میڈیکل ایس او پی کے مطابق پاکستان میں داخل ہوں گی۔

اے سی عمران یوسفزئی نے کہا تھا کہ ایک ماہ قبل سیکڑوں کارگو گاڑیاں افغانستان میں پھنس گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: طورخم بارڈر یک طرفہ طورپرکھول دیا گیا

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ سرحدی گزرگاہ افغانستان میں پھنسے  پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بھی بحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد کورونا ٹیم اور ایف سی عملہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ واپسی کی نگرانی کررہا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وزرات داخلہ نے تمام ملکی بارڈرز کی بندش کی تاریخوں میں توسیع کی تھی۔

اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ملکی بارڈرز کی بندش میں دو ہفتوں تک کے لیے توسیع کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں