لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ 5 لاکھ 36 ہزار روپے کی رقم عطیہ کر دی۔
اس ضمن میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ رقم کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے خرچ کی جائے گی،وبا سے نمٹنے کے لیے عطیات دینے پر کھلاڑیوں اور ملازمین کا مشکور ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے ہمیشہ اپنے فینز اور فالوورز کی عزت اوراحترام کا خیال رکھا، مشکل وقت میں پیرامیڈیکس اور طبی عملے کے ساتھ ہیں۔
کوروناوائرس کے مریض بڑھنے کا خطرہ مئی تک ٹل گیا، وزیراعظم
احسانی مانی نے کہا کہ امید ہے حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پی سی بی نے سرگرم ادارے کی حیثیت سے حکومت کے ساتھ تعاون کیا اور کورونا سےنمٹنے کے لیے شعوری پیغامات بھی اجاگر کیے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے وزیر اعظم کے قائم کردہ کورونا ریلیف فنڈ کیلئے 19 ملین روپے کا عطیہ دے دیا۔
چیئرپرسن ایس این جی پی ایل روحی آر خان اور مینیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے 19 ملین روپے کا چیک گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو پیش کیا۔
مزید پڑھیں: وزارت خارجہ کا کورونا ریلیف فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے سے زائد کا عطیہ
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا ریلیف فنڈ وبا سے لڑنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہر شخص وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ دے دے۔