اسلام آباد: غیر قانونی ٹاورز، اشتہاری بورڈز کے ذریعے اربوں روپے ٹیکس چوری کا انکشاف


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی حدود میں بڑی عمارتوں اور مالز پر آویزاں بِل بورڈز، اشتہارات اورغیر قانونی ٹاورز نصب کر کے سرکاری خزانے کو سالانہ اربوں روپے نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ کمیشن اسلام آباد نے وزیر اعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کر دی ہے۔ رپورٹ میں میئراسلام آباد شیخ انصرعزیز اور ڈائریکٹرمیونسپل ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ (ڈی ایم اے) کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشتہارات، غیر قانونی ٹاورز اور ٹیکس چوری سے ادارے (میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد) کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

مزید پڑھیں: بیرون ملک سے درآمد شدہ مال پر کروڑوں روپے ٹیکس چوری کا انکشاف

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کیٹل مارکیٹ کی 2019 میں ہونے والی بولی رکوادی۔ منڈی کی عدم نیلامی سے ڈی ایم اے کو 9 کروڑ کا نقصان ہوا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افسران غلام حفیظ اور ہاشم خان نے ٹیکس ریکوری نہیں کی۔ دونوں افسران نے جاتے جاتے ٹیکس ریکارڈ کی فائلیں غائب کر دیں۔

رپورٹ میں کہا گیا موبائل کمپنیز نے ایم سی آئی اور پرائیویٹ زمینوں پر نصب ٹاورز کے ٹیکس کئی سال سے ادا نہیں کیے۔ غیر قانونی ٹاورز نصب کر کے سرکار کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ریکوری مجسٹریٹ کی نا اہلی سے ٹیکس ریکوری میں پیسے کھا کر جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کیے گئے۔

 


متعلقہ خبریں