اسلام آباد: وزارت خارجہ نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارتی سفارتخانے سے ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور گرو اہلوالیا کو ڈی جی ساوَتھ ایشیا زاہد حفیظ چودھری نے طلب کیا اور لائن آف کنٹرول ایل کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا گیا۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بھارت نے دودھنیال، رکھ چکری، چڑی کوٹ اور بروہ سیکٹرز پر فائرنگ کی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک بچہ شہید اور 4 شہری شدید زخمی ہوئے۔
ترجمان نے بیان میں کہا کہ بھارتی فوج ورکنگ باونڈری پر جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ شہری آبادی پر مارٹر گولے، بھاری توپ خانہ اور خودکار اسلحہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
رواں سال 549 مرتبہ قابض بھارتی فوجوں نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی ہے۔ بھارتی فوج نے 2003 کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ کشیدگی بڑھا کر بھارت مقبوضہ کشمیر سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔
پاکستان کے دفترخارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو کام کرنے کی اجازت دی جائے۔