2017 میں انٹرنیٹ صارفین نے کتنے میسیج اور تصاویر شئیر کیں؟

تحریک انصاف

اسلام آباد: انٹرنیٹ کے استعمال پر نظر رکھنے والے ایک ادارے نے 2017 میں ڈیجیٹل صارفین کی مصروفیات کی تفصیل جاری کی ہے۔

اسٹیٹسٹا نامی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس اپ پر سال 2017 کے دوران ایک منٹ میں دو کروڑ 90 لاکھ پیغامات بھیجے جاتے رہے۔ ایک گھنٹے کے دوران 1.7 ارب جب کہ ایک دن میں 40 ارب پیغامات کا تبادلہ کیا گیا۔

رپورٹ میں مقبول ایپلیکیشن کے علاوہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے صارفین کی مصروفیات کا جائزہ بھی لیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک دو ارب فعال صارفین یا یوزرز کے ساتھ سرفہرست قرار دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کی تقریبا ایک تہائی آبادی روزانہ فیس بک استعمال کرتی ہے۔

فیس بک پر 2017 کے دوران ہر سیکنڈ میں 243,000 تصاویر شئیر کی گئیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فی سکینڈ 350,000 ٹویٹس کی گئیں۔ 2017 میں ٹوئٹر پر ہر مہینے 33 کروڑ صارفین فعال رہے۔

ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سے متعلق ماہرین نے اسمارٹ فونز کی تعداد میں اضافے کو انٹرنیٹ کے زیادہ استعمال کا سبب قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق روزانہ دو ارب 50 کروڑ اسمارٹ فون صارفین انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں، میسجز، اسٹیٹس اور تصاویر بھی زیادہ تر انہی ڈیوائسز سے شئیر کی جاتی رہی ہیں۔

سال 2017 میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد بڑھ کر تین ارب 50 کروڑ سے زیادہ ہوگئی جو پوری دنیا کی نصف آبادی کے برابر ہے۔ 2016 میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی یہ تعداد  تین ارب 30 کروڑ تھی۔


متعلقہ خبریں