اسلام آباد: جنگی ہیلی کاپٹر خصوصاً کوبرا اُڑانا یا کمانڈو بننا کسی بھی ایڈونچر پسند محب وطن کی خواہش ہو سکتی ہے۔ پاک فوج نے ڈیجیٹل جنریشن کو یہ موقع دیا ہے کہ وہ ورچوئل ورلڈ میں ان دونوں تجربوں سے گزر سکیں۔
ویڈیو گیم ‘دی گلورئیس ریزالو’ اینڈرائڈ صارفین کو موقع دیتی ہے کہ وہ مختلف مشنز کے دوران کوبرا اڑائیں یا ایس ایس جی کمانڈو کے طور پر دشمنوں کے خلاف کارروائی کریں۔
چند روز قبل یوم پاکستان کے موقع پر لانچ کی گئی گیم کے متعلق بتایا گیا ہے کہ اسے جلد آئی فون اور کمپیوٹر یوزرز کے لئے بھی پیش کر دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے گیم ریلیز کرتے ہوئے یہ بھی بتایا ہے کہ جلد اس میں نئے مشنز کا اضافہ کر دیا جائے گا۔
گیم پاکستانی فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کے مناظر سے بھرپور ہے۔ اسے کھیلنے والا یوں محسوس کرتا ہے کہ گویا وہ بھی پاک فوج کا حصہ بن کر دشمنوں کی سرکوبی کر رہا ہے۔
‘دی گلورئیس ریزالو’ نامی ویڈیو گیم اپنی نوعیت کی منفرد پیشکش ہے جو جنریشن ایکس یا جنریشن زی کہلانے والی نئی نسل کو ناصرف عسکری آپریشنز کے مراحل سے روشناس کراتی ہے بلکہ کسی سطح پر مشکلات کا اندازہ کرنے میں بھی معاون ہے۔
اینڈرائڈ فون صارفین دی گلورئیس ریزالو The Glorious Resolve نامی گیم گوگل پلے اسٹیشن سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
تو پھر کیا خیال ہے؟ اپنے اینڈرائڈ فون اٹھائیں اور کوبرا ہیلی کاپٹر اڑانے کے علاوہ ایس ایس جی کمانڈو بن کردشمنوں کو ناکوں چنے چبوائیں۔