اسلام آباد: شاہد آفریدی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت اور انسانیت سوز مظالم پراقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا تو بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا ہوگیا۔
شاہد آفریدی سماجی اور انسانی حقوق سے متعلق معاملات پر اظہار خیال کرتے رہتے ہیں اور بھارت میں بھی اتنے ہی مقبول ہیں جیتنے پاکستان میں، لیکن کشیمرکے معاملے پرٹویٹ نے بھارتیوں کا اصل رنگ ظاہر کردیا۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج بے گناہ شہریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی جدوجہد کو دبانے کے لیے ان پر گولیاں برسا رہی ہے، حیرت ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کہاں ہیں اور وہ اس خونریزی کو روکنے کی کوشش کیوں نہیں کر رہے؟’
Appalling and worrisome situation ongoing in the Indian Occupied Kashmir.Innocents being shot down by oppressive regime to clamp voice of self determination & independence. Wonder where is the @UN & other int bodies & why aren't they making efforts to stop this bloodshed?
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) April 3, 2018
شاہد آفریدی کی ٹویٹ پر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نے توطوفان بدتمیزی کھڑاکرنا ہی تھا لیکن بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان گوتم گھمبیر نے بھی اسپورٹس مین شپ کوپس پشت ڈالتے ہوئے آفریدی پر تنقید شروع کردی۔
گوتم نے لکھا، ‘شاہد آفریدی کی کشمیر اور اقوام متحدہ سے متعلق ٹویٹ پر کیا کہنے کو رہ جاتا ہے؟ آفریدی اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، جو ان کی ڈکشنری میں ‘انڈر 19’ کے زمرے میں آتا ہے۔ میڈیا سکون سے رہے، شاہد آفریدی نو بال پر آؤٹ کا جشن منارہے ہیں’۔
گوتم کی ٹویٹ کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تو جیسےٹویٹس کی جنگ چھڑگئی حتیٰ کہ ڈی جی آئی ایس پی آر بھی میدان میں آگئےاور اپنے ٹویٹ سےگوتم سمیت تمام بھارتیوں کو کرارا جواب دیا۔
میجر جنرل آصف غفور نےایک پاک بھارت میچ کی ویڈیو شیئر کی جس کے آخری اوور میں شاہد آفریدی نے لگاتار دو چھکے لگا کر بھارت کو شکست دی تھی اور ساتھ ہی مشہورزمانہ تصویر بھی شیئرکی جس میں شاہد آفریدی بظاہر کسی بات پر گوتم گمبھیر سے الجھتے نظر آئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ برائے مہربانی اپنی آگ مقامی طور پر ہی بجھائیں، شاہد آفریدی ہمارا قومی ہیرو اور آواز ہے۔
No one can! Especially you. Please locate fire locally and read complete. @SAfridiOfficial is our national pride and voice!! https://t.co/uzEu2tNT0p
— Asif Ghafoor (@peaceforchange) April 3, 2018
شاہد آفریدی نے بھی آصف غفور کو ری ٹویٹ کیا اور ساتھ میں اپنی ایک تصویر شیئرکی جس میں وہ بھارتی فینز اور پرچم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس تصویر کے ساتھ شاہد آفریدی نے لکھا، ‘ہم سب کی عزت کرتے ہیں اور یہ ایک کھلاڑی کی پہچان ہے لیکن جب بات انسانی حقوق کی ہو تو ہم بے گناہ کشمیریوں کے لیے بھی ویسے ہی انسانی حقوق کی امید رکھتے ہیں۔’
رواں ہفتے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر معصوم لوگوں پر گولیاں چلادیں جب کہ بعدازاں جنازوں میں شریک افراد پر بھی پیلٹ گنوں سے فائر کیے گئے، ان واقعات میں 15 سے زائد بے گناہ کشمیری شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔