پی آئی اے کا جزوی فلائٹ آپریشن بحال، وزیراعظم نے اجازت دیدی

پی آئی اے کا خصوصی طیارہ برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پاکستان پہنچ گیا

اسلام آباد: حکومت نے ملک کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کو جزوی طورپرفلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی منظوری وزیراعظم عمران خان نے دی۔

کورونا: سی اے اے نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی

ہم نیوز نے پی آئی اے کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے پہلے مرحلے میں محدود تعداد میں مسافروں کو واپس لایا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق ابتدا میں کینیڈا اوربرطانیہ کے لیے کراچی، لاہو اوراسلام آباد سے پروازیں چلائی جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق ٹورنٹو کے لیے فلائٹ آپریشن تین اپریل سے بحال ہو گا جب کہ برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن چار اپریل سے شروع ہو گا۔

پی آئی اے کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ فلائٹ آپریشن بندش کے دوران متاثر ہونے والے مسافروں کو ترجیح دی جائے گی۔

مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا فیصلہ

ترجمان نے کہا ہے کہ تمام پروازیں واپس صرف اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کریں گی۔ پروازوں کی لینڈنگ کے بعد لاؤنج میں تمام مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام مسافروں کو چھ گھنٹے کے لیے مقامی ہوٹلوں میں رکھا جائے گا اورپھر جو مسافر کلیئر ہوں گے ان کو گھر بھیج دیا جائے گا جب کہ متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ سنٹر منتقل کیا جائے گا۔

ہم نیوز نے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے تمام حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے گی اوراڑان بھرنے والے طیاروں کو مکمل طور پر ڈس انفکشن کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق کچھ ہی دیرمیں فلائٹس سسٹم میں بکنگ کے لیے دستیاب ہوں گی۔

کورونا: پی آئی اے کی خصوصی پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ

ہم نیوز کے مطابق قومی ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام حفاظتی امور پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں