اسلام آباد کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں ردوبدل


اسلام آباد: چیف کمشنر اسلام آباد نے ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں ردوبدل کا اعلامیہ (نوٹی فکیشن )جاری کردیا ہے۔

لانسنس فیسوں میں کئے گئے ردوبدل کے تحت تمام اقسام کے لرنر پرمٹ (ابتدائی اجازت نامہ) کی فیس 300 روپے ہو گی۔ چھ ماہ پر محیط لرنر پرمٹ کی  تجدیدی (رینیول) فیس 150 اور ڈپلیکیٹ لرنر پرمٹ کی فیس 150 روپے کر دی گئی ہے۔

پانچ سال کے لئےکار اور موٹر سائیکل کے غیر پیشہ ور (نان پروفیشنل) ڈرائیونگ لائسنس کی فیس 1200 روپے مقرر کی گئی ہے۔ جب کہ ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی اور پی ایس وی ڈرائیونگ لائسنسوں کی فیس 1200 روپے ہوگی۔

پیشہ ور (پروفیشنل) موٹرسائیکل ڈرائیونگ کیٹیگری میں پانچ سالہ مدت کے لئے لائسنس حاصل کرنے کے خواہشمندوں کو 1500 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کارڈ اور ارجنٹ کارڈ پرنٹنگ فیس 400 روپے مقرر کی گئی ہے۔

چیف کمشنر کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لئے 200 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

پانچ سالہ ڈرائیونگ لائسنس کی 30 دنوں میں تجدید (ری نیو) کرانے کی فیس 700 روپے ہوگی۔ پانچ سالہ لائسنس کی اختتامی تاریخ گزرنے کے ایک سال کے اندر تجدید کے لئے 1500 اور اتنی ہی مدت کے لائسنس کو تین سال بعد تجدید  کرانے کی خاطر 4 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔

تین سال کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرانے کے لئے آنے والے شخص کو ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی پاس کرنا ہو گا۔

ڈپلیکیٹ لائسنس کے خواہش مندوں سمیت لائسنس میں کسی تبدیلی یا کچھ اضافہ کرانے کے خواہش مندوں کو 12 سو روپے ادا کرنے ہوں گے۔

یہ ہدایت بھی اعلامیہ کا حصہ ہے کہ سیکشن 16 اور 18 موٹر وہیکل آرڈی ننس کے تحت معطل لائسنس کی پہلی بار بحالی فیس 10 ہزار روپے ہو گی۔ دوسری مرتبہ معطلی پر 20 ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے جب کہ تیسری مرتبہ معطل ہونے والے لائسنس کو بحال نہیں کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں