ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی) اور ویمن ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) نے کورونا وائرس کے سبب سات جون تک تمام مقابلے روک دیے ہیں جب کہ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کو بھی ستمبر تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کہا گیا ہے کہ مہلک وبا کے پھیلاؤ کے سبب ٹورنامنٹ کا شیڈول تبدیل کرنے پر مجبور ہیں۔ ٹورنامنٹ کو 8 جون سے کے بعد شیڈول کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔
کورونا وائرس کے سبب فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کو ستمبر تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ گرینڈ سلم ٹورنامنٹ 24 مئی سے7 جون کےدرمیان پیرس میں کھیلا جانا تھا لیکن منتظمین کی جانب سے اعلامیے کے مطابق فرنچ اوپن اب یو ایس اوپن چیمپئن شپ کے ختم ہونے کے ٹھیک ایک ہفتے بعد 20 ستمبر سے 4اکتوبر کے درمیان کھیلا جائے گا۔
کورونا وائرس کا خوف، جاپان میں اولمپک کھیلوں کے تربیتی کیمپ منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کئی ممالک نے ٹوکیو اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کے لیے اپنی قومی ٹیموں کے تربیتی کیمپ منسوخ یا ملتوی کر دیے ہیں۔
کولمبیا کی ٹیبل ٹینس اور جمناسٹک کی ٹیمیوں نے جاپان کے شہر کیتا کیشو میں اپنی ٹریننگ منسوخ کر دی ہے۔
برطانیہ کی وہیل چیئر باسکٹ بال ٹیم نے بھی اپنے کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق خدشات کے پیش نظر ٹوکیو کے قریب شہر اراسو میں پریکٹس منسوخ کر دی ہے۔