سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک، 4 اہلکار شہید


اسلام آباد: شمالی وزیرستان کےعلاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 7 دہشتگرد ہلاک اور چار اہلکار شہید ہوگئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق خفیہ انٹیلی جنس رپورٹ پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے7 دہشتگرد ہلاک کردیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے مقابلے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوا۔

مزید پڑھیں: آپریشن ردالفساد کے تین سال: ایک لاکھ 49 ہزار سے زائد انٹیلی جینس آپریشنز

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں لیفٹیننٹ آغا مقدس علی خان، لانس نائیک قمر ندیم، سپاہی محمد قاسم اور سپاہی توصیف شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قوم کو وطن پر قربان ہونے والے اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہدا نےاپنی جانیں پاک دھرتی پر قربان کر کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پاک فوج کے افسر سمیت 4 جوانوں کی بہادری پر خراج عقیدت پیش کی۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہبازشریف نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں افسر اور جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف عظیم قربانیوں پرمسلح افواج کوخراج تحسین پیش کرتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن کا قیام شہدا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔


متعلقہ خبریں