سڈنی: آسٹریلیا میں ایک بھارتی صحافی کو جعلی شناختی دستاویزات پر آٹھ افراد کو اسمگل کرنے کا ملزم قرار دیا گیا ہے۔
عدالتی کارروائی میں جرم ثابت ہونے کی صورت میں بھارتی صحافی کو 20 سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔
بنکاک کے راستے آسٹریلیا پہنچنے والے بھارتی شہریوں کے متعلق تھائی لینڈ حکام کو شبہہ ہوا کہ ان کے پاس موجود دستاویزات جعلی ہیں۔ تھائی حکام نے یہ اطلاع آسٹریلیا کے متعلقہ اداروں تک پہنچائی۔
برسبین ائیرپورٹ پہنچنے والے جعلی بھارتی صحافیوں کے گروہ نے آسٹریلین حکام کو بتایا تھا کہ وہ دولت مشترکہ کھیلوں کی کوریج کے لئے پہنچے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اسمگلنگ کی پاداش میں گرفتار بھارتی صحافی راکیش شرما پر جعلی دستاویزات کی تیاری اور آسٹریلین حکام کو غیرملکیوں کے متعلق دھوکہ دینے کےالزامات ہیں۔
آسٹریلین سرحدی فورس کے نمائندے ٹیری پرائس کے مطابق کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز، صحافیوں سمیت آسٹریلیا آنے کے خواہشمند ہر فرد کے پاس ویزہ لازم ہے۔
انسانی اسمگلنگ کے الزام کا سامنا کرنے والے بھارتی صحافی کے مقدمے کی آئندہ سماعت چھ اپریل کو ہو گی۔
کامن ویلتھ گیمز یا دولت مشترکہ ممالک کے کھیل آسٹریلیا میں چار سے 15 اپریل کے درمیان منعقد کئے جائیں گے۔