ملالہ یوسف زئی کی وزیراعظم سے ملاقات


اسلام آباد: تقریبا چھ برس بعد پاکستان پہنچنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  سے ملاقات کی ہے۔

ایوان وزیراعظم میں ہوئی ملاقات کے موقع پر وزیر مملکت مریم اورنگزیب، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان، سینیٹر مصدق ملک اور ماروی میمن بھی موجود تھے۔

سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ملالہ اسلام آباد میں ہی قیام کریں گی، تمام نجی ملاقاتیں بھی مقامی ہوٹل میں ہی کی جائیں گی۔

جمعرات کو سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی ملالہ سے ملاقات کریں گی۔

پاکستان آمد کے بعد سے ہی ملالہ یوسفزئی کو حکومت کی جانب سے غیرمعمولی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

ملالہ یوسفزئی پاکستان میں چار دن رکنے کے بعد واپس برطانیہ چلی جائیں گی۔ ساڑھے پانچ برس بعد پاکستان آنے والی 20 سالہ ملالہ کے اچانک دورے کا مقصد واضح نہیں کیا گیا ہے۔

برطانیہ کی ایک یونیورسٹی میں زیرتعلیم ملالہ بدھ کی رات ڈیڑھ بجے نجی ائیر لائن کے ذریعے اسلام آباد پہنچی تھیں۔

اکتوبر 2012 میں ملالہ سمیت سوات کے مقامی اسکول کی چند طالبات پر جان لیوا حملہ ہوا تھا۔ ابتدائی علاج کے بعد ملالہ یوسفزئی کو برطانیہ منتقل کردیا گیا، وہ صحت مند ہونے کے بعد بھی وہیں مقیم ہیں۔

12 جولائی 1997 کو سوات کے علاقے مینگورہ میں پیدا ہونے والی ملالہ یوسفزئی مسلسل تین برس تک بااثر عالمی شخصیات کی فہرست کا حصہ رہی ہیں۔ انہیں عالمی سطح پر مختلف نوعیت کے 40 سے زائد اعزازات سے نوازا گیا۔

بچیوں کی تعلیم کو اپنا خاص میدان قرار دینے والی ملالہ اپنے ایک انٹرویو میں پاکستان کی وزیراعظم بننے کی خواہش ظاہر کر چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں