سانحہ گلبہار کے متاثرین کو عمارت تعمیر کرکے دوں گا،پی ٹی آئی رہنما

سانحہ گلبہار کے متاثرین کو عمارت تعمیر کرکے دوں گا، پی ٹی آئی رہنما

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جبار قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ سانحہ گلبہار کے متاثرین کو اپنی مدد آپ کے تحت عمارت تعمیر کر کے دیں گے۔

کراچی: گلبہار میں زمیں بوس ہونے والی عمارت کے متاثرین کا احتجاج

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اشرف جبار قریشی نے سانحہ گلبہار کے متاثرین سے مذاکرات کے دوران کہا کہ وہ سیاست چمکانے نہیں آئے ہیں اور نہ ہی چاہتے ہیں کہ اس مسئلے پر کوئی اور سیاست چمکائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ محض انسانی ہمدردی کے تحت آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلڈر کون ہے؟ سب جانتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کے خلاف فوری اور سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اشرف جبار قریشی نے کمشنر کراچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ کہہ کر اپنی جان چھڑانے کی کوشش کی ہے کہ عمارت غیر قانونی تھی لیکن یہ غیر قانونی عمارت تعمیر کیسے ہوئی؟ انہیں بتانا چاہیے۔

کراچی: گلبہار میں عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش برآمد، ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی

شہر قائد میں ایک ہفتہ قبل زمیں بوس ہونے والی چھ منزلہ عمارت کے سانحہ میں کل 27 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ متاثرین ایک جانب اپنے پیاروں کی تدفین کررہے ہیں تو دوسری جانب بنا چھت کے انہیں روز و شب گزارنے پڑ رہے ہیں لیکن ان کی داد رسی کے لیے تاحال کچھ نہیں کیا گیا ہے۔

سانحہ گلبہار کے متاثرین نے گزشتہ روز بھی حکومتی بے حسی اور اپنی داد رسی نہ کیے جانے پر بطور احتجاج سڑکیں بند کرکے نعرے بازی کی تھی جس سے ٹریفک کی روانی سخت متاثر ہوئی تھی۔

متاثرین کا کہنا تھا کہ ان کے سروں پہ قیامت گزری ہے لیکن تاحال کسی بھی حکومتی شخصیت نے اس حوالے سے نہ داد رسی کی ہے اور نہ ہی ان سے ہمدردی کے دو لفظ بولے ہیں۔

افسوسناک امر ہے کہ ایک ہفتہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود سانحہ گلبہار کے اصل ذمہ داران کا تعین بھی نہیں کیا جا سکا ہے۔

کراچی: عمارت گرنے سے ایک ہی خاندان 9 افراد کھو بیٹھا، ورثا غم سے نڈھال

کمشنر کراچی نے سانحہ گلہبار کی تحقیقات کے لیے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کی سربراہی میں جو تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے اس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دو ہفتے میں اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو پیش کرے۔


متعلقہ خبریں