اپنی معصومیت اور جاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کر لینے والی اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی سہیلی سجل علی کی شادی کے موقع پر انہیں دل کو چھو لینے والے انداز میں مبارک باد دی ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام پر دی گئی ایک پوسٹ میں زارا نور عباس نے اپنی اور سجل کی چند تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
تصاویر کے ساتھ زارا نے تحریر کیا ہے کہ ہماری دوستی کا سفر قریباً ایک دہائی پر محیط ہے، اس سفر کے دوران ہم نے غموں، خوشیوں، پریشانیوں اور ناامیدی سمیت زندگی کی ہر اونچ نیچ کا مل کر سامنا کیا ہے اور اب تمہاری زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ تم رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے جارہی ہو۔
زارا نے لکھا کہ میری جگنو جیسی ننھی سی سہیلی اب نہ صرف ایک باوقار خاتون بن چکی ہے بلکہ بہت ہی سلجھے ہوئے انداز میں اپنی آئندہ زندگی کا راستہ بھی منتخب کر چکی ہے۔
زارا نور عباس نے تحریر کیا کہ میری دعا ہے کہ اس دنیا میں سب کچھ تمہارے حق میں بہترین ہو۔
انہوں نے جذباتی انداز میں لکھا کہ تمہیں کسی سے شیئر کرنا میرے لیے آسان نہیں ہوگا مگر اپنے شوہر کو بتا دو کہ تم سب سے پہلے صرف میری ہو۔