کورونا وائرس: باب دوستی اگلے ہفتے بھی بند رہے گا

کورونا وائرس: باب دوستی اگلے ہفتے بھی بند رہے گا

چمن: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر گزشتہ نو روز سے بند پاک افغان بارڈر مزید ایک ہفتہ بند رہے گا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر باب دوستی کو مزید ایک ہفتے تک بند رکھنے کے حکم میں توسیع کی گئی ہے۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ سرحد کی بندش سے نیٹو سپلائی، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور سینٹرل ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔

چیمبر آف کامرس کے حکام کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ باب دوستی کی بندش کی وجہ سے پاکستان سے تازہ پھلوں اور سبزیوں کی افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کو برآمد بھی معطل ہو چکی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ وسط ایشیائی ممالک کو سبزیوں اور تازہ پھلوں کی ایکسپورٹ معطلی سے تاجروں کو شدید مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ باب دوستی کی بندش میں توسیع کی وجہ سے افغان مہاجرین کی رضاکارانہ طور پر وطن واپسی بھی تعطل کا شکار ہے۔

ادارے نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ باب دوستی کھلنے کی صورت میں افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کا آپریشن شروع کیا جائے گا۔

محکمہ صحت کا اس بابت کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر 15 ہزار سے زائد افراد کی اسکرینگ کی جا چکی ہے اور سرحد کھلنے کے بعد بھی اسکرینگ کا عمل جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں