راولپنڈی سے اسکردو جانے والی کوسٹر دریا میں گرگئی، 26 افراد جاں بحق


گلگت بلتستان کے علاقے روندو میں مسافر کوسٹر دریا میں گر گئی جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق جبکہ دیگر پانچ زخمی ہوگئے۔

حادثے کا شکار ہونے والی کوسٹر گزشتہ روز راولپنڈی سے اسکردو روانہ ہوئی تھی کہ روندو کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی ۔

ڈپٹی کمشنر اسکردو خرم پرویز کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث 26 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں اور لاشوں کو ریسکیو کرنے کے لیے پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔

حادثے کے باعث زخمی ہونے والے پانچ زخمیوں کو ڈمبوداس اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی جانیں: باغ: مسافر گاڑی کو حادثہ، نو افراد جاں بحق

ناقص سڑکوں، تیز رفتاری اور خراب ڈرائیونگ کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات پیش آتے رہتے ہیں جن میں سینکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

گزشتہ روز اسلام آباد سے باغ جانے والی مسافر گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں نوافراد جاں بحق ہوگئے۔

ایس ایس پی چودھری ذوالقرنین کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈرائیور، دو خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہیں۔

گزشتہ سال دسمبر میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد گجرات سے سیالکوٹ جانے والے خاندان کے افراد پہ اس وقت قیامت گزر گئی جب وین بے قابو ہو کر وزیرآباد کے ایک نالے میں جا گری۔

یہ بھی جانیں: ٹریفک حادثہ: کمشنر مکران سمیت چار افراد جاں بحق

حادثے کے باعث ایک بچی سمیت چار افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ 9 زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے امدادی اداروں نے قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔

دسمبر میں ہی ڈی آئی خان میں درابن روڈ پر ہونے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں پانچ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس مخالف سمت سے آنے والی ہائی ایس گاڑی سے ٹکرا گئی۔

 


متعلقہ خبریں