خواتین کا عالمی دن، ملک کے مرکزی شہروں میں تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد


پشاور:  دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ 

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پشاور میں ایک خوبصورت تقریب سجائی گئی جس میں شامل خواتین کا کہنا تھا کہ اسلام اور آئین کے مطابق ملنے والی آزادی ہی آزادی ہے۔

ان  کا کہنا تھا کہ آج کی عورت بچوں کی پرورش کے ساتھ ساتھ ترقی کی راہوں پر بھی گامزن ہے۔

تقریب میں خواتین نے ویمنز ڈے کا کیک کاٹ کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی  اور مزے مزے کے کھانے بھی کھائے ۔

یہ بھی پڑھیں: عورت مارچ میں نفرت انگیز نعروں، پوسٹرز پر پابندی

صوبائی دارلحکومت لاہور میں بھی “عورت امن کی سفیر” کے عنوان سے پہلا ویمن فیسٹیول الحمرا آرٹس کونسل میں سجایا گیا۔

فیسٹیول میں خواتین کو درپیش سماجی مسائل اور معاشرتی ذمہ داریوں کے احاطہ کیلئے مختلف نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔

کانفرنس میں صحافت، تھیٹر، ڈرامہ ،فلم اور دوسری جہتوں پر سیر حاصل مذاکرے ہوئے، اس موقع پر خواتین شرکا نے کہا کہ عورت کا جائز حق اسکو ملنا چاہئے جس کے لیے ریاستی سطح پر اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔

شرکا نےمزید کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج ہر کسی کا حق ہے۔ حقیقی مسائل چھور کر سطحی موضوعات میں الجھنے سے عورت اور مرد کے درمیان خلیج پیدا ہو گی۔

دوسری جانب وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں جاری عورت آزادی مارچ سے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار شخص نے صحافی کے سوال پر بتایا کہ وہ خواتین مارچ میں برقعہ پہن کر فاٹا کی خواتین کی نمائندگی کر رہا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ گرفتار شخص کا نام عثمان ہے جس کہنا ہے کہ فاٹا کی خواتین یہاں نہیں آ سکتیں اس لئے میں ان کی نمائندگی کر رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عورت مارچ ضرور ہونا چاہیئے، رانا ثنا اللہ

ذرائع کے مطابق عورت مارچ کے شرکاء پر مذہبی جماعت کے کارکنان نے پتھراؤ کیا ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں بعدازاں پولیس کی اضافی نفری طلب کرنے پر پتھراؤ رک گیا۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کا عالمی دن مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کے عزم کے اعادہ کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرنے کا درس دیتا ہے اور ہمارے پیغمبر نے بھی خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرنے کا درس دیا۔


متعلقہ خبریں