خواتین کے عالمی دن پر سرچ انجن گوگل اپنا ڈوڈل تبدیل کر کے خواتین کو خراج تحسین پیش کر رہا ہے۔
خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ڈوڈل میں مردوں کے شانہ بشانہ دنیا کا مقابلہ کرنے والی خواتین نمایاں ہیں۔
خواتین کے عالمی دن کو منائے جانے کا مقصد صنفی امتیاز کے خاتمے اور خواتین کے مساوی حقوق کے لیے کوششوں کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
کچھ دیر قبل وزیراعظم عمران خان نے اہم دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے ہماری خواتین محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔ خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے بغیر ترقی حاصل نہیں ہو سکتی۔
مزید پڑھیں: خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی، وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ خواتین کا عالمی دن مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کے عزم کے اعادہ کا دن ہے۔ ہمارا مذہب خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرنے کا درس دیتا ہے اور ہمارے پیغمبر نے بھی خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرنے کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین قومی و بین الاقوامی سطح پر زندگی کے ہر شعبے میں شاندار کارکردگی دکھا رہی ہیں اور پاکستانی خواتین کی شاندار کامیابیاں ہمارے لیے حوصلہ افزا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں ’خواتین کے حقوق کی ضمانت آئین اور اسلام نے دی ہے‘
دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خواتین کے بغیر اسلامی فلاحی ریاست کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔
فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن خواتین کی خدمات کی یاد دلاتا ہے، اقوام متحدہ نے 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین سے منتخب کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں اسلامی فلاحی ریاست کی شہری ہوں، اسلام کا پیغام انسانیت کا پیغام ہے اور وزیر اعظم عمران خان اسلامی فلاحی ریاست کے لیے کوشاں ہیں جبکہ خواتین کے بغیر اسلامی فلاحی ریاست کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔