ٹڈی دل کا حملہ، وزیراعظم کی بلوچستان کو مکمل معاونت کی یقین دہانی


وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹڈی دل کے حوالے سے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس میں بلوچستان حکومت کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور دیگر صوبوں کی وزیرائے اعلیٰ نے  ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اپنے صوبوں میں ٹڈی دل کی صورتحال اور تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ مکران اور چاغی میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فضائی سپرے سمیت فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلی پنجاب کا بہاولپور ڈویژن میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کا نوٹس

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئےصوبائی حکومت کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ فضائی سروے کے لیے جہاز اور ہیلی کاپٹر فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران دیگر صوبوں کے تینوں وزرائے اعلیٰ نے بھی  وزیراعلیٰ بلوچستان کے موقف کی تائید کی۔

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تڈی دل کے باعث فصلوں کو نقصانات کے پیش نظر تمام ضروری اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ زراعت اور کسانوں کو تحفظ فراہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فصلوں کو ٹڈی دل کے نقصانات سے بچانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات فراہم کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے شرکائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت اس مقصد کے لیے درکار تمام وسائل مہیا کرے گی۔


متعلقہ خبریں