اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے بے نامی اکاؤنٹس میں گرفتار عبدالغنی مجید کے اثاثے منجمد کرنے کیلئے احتساب عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
نیب نے اپنی درخواست میں عبدالغنی مجید کا 5145مربع گز کا پلاٹ منجمند کرنے کی استدعا کی ہے۔ قومی احتساب بیورو نے مؤقف اپنایا کہ مذکورہ جائیداد نیب کو مطلوب یونس قدوائی کے ذریعے بے نامی اکاونٹس سے خرید کی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جائیداد منجمد کرنے کی اجازت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں انور مجید گرفتار
خیال رہے کہ نیب نے سپریم کورٹ کے حکم پر اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور خواجہ عبدالغنی مجید کو2018 میں گرفتار کیا تھا۔
سپریم کورٹ میں جمع دستاویزات کے مطابق انور مجید اور عبدالغنی مجید نے جعلی اکاؤنٹس میں 3122 ملین جمع کرائے جبکہ 4014 ملین روپے نکلوائے۔
انورمجید نےاعتراف کیا کہ جعلی اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والے یونس قدوائی سے ان کے کاروباری تعلقات ہیں۔
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق عبدالغنی مجید نے حاجی ہارون مالک ایچ ایچ ایکس چینج سے روابط کا اعتراف کیا اور ایچ ایچ کمپنی سے 8 سے 10کروڑکے امریکن ڈالر خریدے۔
سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے 2015 میں انکوائری شروع کی، 4 بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔