ایشیا کپ کا پاکستان میں انعقاد، اے سی سی کا اہم اجلاس ملتوی


دبئی: پاکستان میں ایشیا کپ ہونے کے حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا تین مارچ کو دبئی میں ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس ارکان کی اضافی سفری وجوہات کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔

اجلاس اب رواں ماہ کے آخر میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ میٹنگ کے بعد منعقد ہوگا۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: بھارت پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے کے لیے تیار

اے سی سی اجلاس میں ایشیا کپ ٹوئنٹی ٹوئنی کی میزبانی کا حتمی فیصلہ ہونا تھا۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی آئی سی سی کے ایف این سی اے اجلاس کے باعث دبئی میں ہی موجود ہیں۔

دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے سے پہلے ہی بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی نے اپنا فیصلہ سنا دیا تھا۔

سارو گنگولی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پڑوسی ملک نہیں جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مارچ کو ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں وینو کے غیر جانبدار مقام پر میچ کھیلنے کی بات کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کبڈی ورلڈ کپ 2020 فائنل، پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی

بھارت کی جانب سے ایشیا کپ یو اے ای میں ہونے کے اعلان کے بعد پی سی بی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے صدر سارو گنگولی نہیں نظم الحسن ہیں، ایشیاکپ کے میزبان کا فیصلہ اے  سی سی کے اجلاس میں ہوگا۔

اسپورٹس تجزیہ کار مرزا اقبال بیگ کا کہنا ہے کہ 2018 میں باہمی رضامندی سے ایشیا کپ متحدہ عرب امارات میں کرایا گیا تھا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے بنگلہ دیش کو یقین دہانی کرائی تھی کہ رواں سال کے ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد پر بھارت نہ مانا تو میزبانی بنگلہ دیش کرےگا۔

انہوں نے کہا کہ سارو گنگولی کے بیانات سے لگ رہا ہے کہ پاکستانی حکام کمزور  اور نااہل ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں آئےگی جبکہ افغانستان کی ٹیم سے متعلق بھی کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں