اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے حاجی کو اپنا باس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی تمامتر کاوش کے باوجود امسال حج گزشتہ سال کی نسبت 20 سے 25 ہزار روپے مہنگا ہوگا۔ انہوں ںے توقع ظاہر کی کہ پرائیوٹ ٹور آپریٹرز بھی حج پیکج کو کم کریں گے۔
سرکاری حج کے نرخوں میں سوا لاکھ سے زائد کا اضافہ
ہم نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ ملائیشیا کی طرز کا حج فنڈ قائم کیا جائے۔ انہوں نے نجی کمپنیوں سے گزارش کی کہ منافع کی شرح کم رکھیں۔
پیر نورالحق قادری نے کہا کہ حج اورعمرہ گناہوں اور فقر کو ختم کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا بھر میں 100 بلین ڈالرز کی یہ سالانہ صنعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے مہمانوں کو لے جانا اورواپس لانا بڑی ذمہ داری ہے اورساتھ ہی ثواب بھی ہے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ میں حاجی کے ساتھ کھڑا ہوؤں گا خواہ ان کا کسی کے ساتھ بھی ایشو ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے وزیر اعظم عمران خان نے اس وزارت میں ڈیوٹی لگائی ہے تو اس وقت سے میرے لیے سب کچھ میرا حاجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی کو خوش رکھنا، ان کو تحفظ فراہم کرنا اوران کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال تھا کہ ہم کوشش کے بعد حج پیکج پانچ لاکھ روپے تک لے آئیں گے۔ انہوں ںے کہا کہ جب وزیراعظم عمران خان نے مجھ سے پوچھا تومیں نے ان کو اپنا اندازہ بتا دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ حج پیکج کو کم سے کم رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منی ٹرانزکشن اور بکنگ کے حوالے سے بنکوں سے متعلقہ امور زیر غور ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ بینکوں کے ساتھ پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کی بھی بات کرائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ ای حج کو فعال بنانے کے لیے بھی حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے درخواست کی تھی کہ اوپن اسکائی کی اجازت دی جائے لیکن ان کی شرط تھی کہ براہ راست ایئر لائنز ہی استعمال ہوں گی۔
حجاج کرام کی رقم پر ملنے والے سود کی تفصیلات سامنے آ گئیں
ہم نیوز کے مطابق پیر نورالحق قادری نے کہا کہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز نجی ائیرلائنز سے حاجیوں کو لے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں اس سے کمپنیاں اپنا منافع لے جاتی ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ پرائیویٹ کمپنیوں سے گزارش ہے کہ منافع کی شرح کم رکھیں۔