اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو پارٹی ترجمانوں کا اجلاس طلب کر لیا۔
ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو سہ پہر 3 بجے اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں طلب کیا ہے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزیر اعظم پارٹی ترجمانوں کو اہم امور پر بھی گائیڈ لائن دیں گے۔
منگل کو وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور ترک صدر طیب ایردوان کے دورہ پاکستان میں معاہدوں کی تفصیلات سے کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ کابینہ مہنگائی کی روک تھام کے اقدامات کا بھی جائزہ لے گی جبکہ احساس پروگرام میں ارکان پارلیمان کو شامل کرنے کے معاملے پر بریفنگ بھی ایجنڈا میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں علی الاعلان کہتا ہوں،کپتان کی حکومت ختم کرکے دم لوں گا: فضل الرحمان
اجلاس میں گیس کی قیمتوں اور بجلی بلوں کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے جبکہ دالوں پر ٹیکس ریگولیڑی ڈیوٹی کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ میں پاکستان اسٹیل ملز کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ بھارت سے ایک بار کے لیے کیڑے مار ادویات کی درآمد کی اجازت کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں بنی گالا میں چھاپے مارے جائیں تو لوٹ مار سامنے آ جائے گی، مریم اورنگزیب
اس کے علاوہ بچوں کے حقوق سے متعلق قومی کمیشن کی تشکیل کا معاملہ اور کابینہ میں مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام پر بھی غور کیا جائے گا۔