اسلام آباد: سینئر صحافی رؤف کلاسرا نے انکشاف کیا ہے کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے وزیراعظم عمران خان کا ایک اہم فیصلہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
یوٹیوب پر اپنی ایک ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان وزارت اطلاعات کے اندر ڈیجیٹل ونگ قائم کرنا چاہتے تھے جس کے لیے انہوں نے وزارت خزانہ سے چار کروڑ 27 لاکھ روپے کے قریب رقم منظور کرنے کے لیے کہا۔
انہوں نے بتایا کہ ای سی سی اجلاس میں اس حوالے سے بحث ہوئی تاہم مشیر خزانہ نے یہ رقم دینے سے معذرت کر لی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد: سوشل میڈیا کمپنیوں کے لیے پاکستان میں رجسٹریشن لازمی قرار
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ڈیجیٹل میڈیا ونگ بنانے کا مقصد سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں، اور حکومت کے خلاف غلط تنقید کرنے والوں کے بارے میں معلومات اکٹھا کرکے متعلقہ اداروں کو فراہم کرنا ہے۔
رؤف کلاسرا نے کہا کہ اس میڈیا ونگ کے لیے 27 کے قریب لوگوں کی بھرتیاں کرنی تھیں، جن میں ایک کو ایم پی ٹوجبکہ 16 کو ایم پی تھری کے تحت تنخواہیں دی جانی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ حفیظ شیخ نے ڈیجیٹل ونگ کے لیے پیسے دینے سے معذرت کرتے ہوئے وزارت اطلاعات کو اس ضمن میں بجٹ نکالنے کا کہا ہے۔
سینئر صحافی نے مزید انکشاف کیا کہ وزارت اطلاعات نے محدود بجٹ کا عذر پیش کرتے ہوئے انکار کر دیا جس کے بعد یہ معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ’پاکستانی صحافت مافیا کے قبضے میں ہے، سوشل میڈیا کی بدولت اقتدار میں آیا‘
یاد رہے کہ حکومت نے قواعد میں تبدیلی کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی تمام عالمی میڈیا کمپنیوں کے لیے تین ماہ میں پاکستان کے اندر رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد یوٹیوب، فیس بک، ٹوئٹر، ٹک ٹاک اور ڈیلی موشن سمیت دیگر تمام کمپنیوں کو آئندہ تین ماہ کے اندر اپنی رجسٹریشن کرانا ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق سماجی رابطوں کی تمام کمپنیوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ آئندہ تین ماہ میں اسلام آباد کے اندر اپنا دفتر لازمی قائم کریں گی، اسی طرح ان کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ پاکستان میں رابطہ افسربھی تعینات کریں۔