وزیراعظم بڑے فیصلے کرکے مہنگائی کی کمر توڑنے جارہے ہیں، اسد عمر


کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بڑے فیصلے کرکے اب مہنگائی کی کمر توڑنے جا رہے ہیں۔

لیاری میں فلاحی ادارے کی جانب سے تعمیر کردہ اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے بڑھتی مہنگائی میں جلد کمی کی خوشخبری سنا دی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ عوام بڑھتی مہنگائی سے نالاں ہیں اور وزیراعظم عمران خان اب بڑے فیصلے کرکے مہنگائی کی کمر توڑنے جا رہے ہیں۔

کراچی کے رہائشیوں سے پیار جتاتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم قابض فوج نہیں جو شہر قائد پر قبضہ کرلیں، ہم کراچی کے ہیں اور ہمیں یہاں کے رہنے والوں سے عشق ہے۔

مزید پڑھیں: منگل کو اجناس کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کا اعلان کریں گے، وزیراعظم

شہر قائد میں زیر التوا وفاقی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کراچی والوں کے لئے کے فور منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کرنا ہے اور وفاقی حکومت جلد اس منصوبے پر کام شروع کرنے جارہی ہے ۔

اسد عمر نے کہا کہ وہ الیکشن کے بعد پہلی مرتبہ لیاری آئے ہیں، ان کی جماعت نے علاقے میں جن چیزوں کی کمی ہے اسے پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے فہمیدہ مرزا سے ملاقات کے دوران درخواست کی تھی کہ لیاری کے نوجوانوں کے کھیلوں کے لئے منصوبہ دیں، یہ ہنرمند نوجوان ہیں جو پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات ہوئی تھی ان سے بھی کہا تھا جہاں تک عوام کی ترقی اور فلاح کا کام ہے جو لیاری کے لئے کام کرینگے ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آج کی نوجوان نسل کو کونسی مشکلات درپیش ہیں؟

اسد عمر نے کہا کہ کراچی کے لیے کے فور منصوبے کے تحت پانی کھینجر جھیل سے لے کر آنا ہے، جب سندھ کابینہ منصوبہ منظور کرکے وفاق بھیجے گی، اس پر فوری کام شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ناردن بائی پاس یا لیاری ایکسپریس وے کے حوالے سے ایک منصوبہ شروع کریں گے جو عوامی فلاح کے لئے ہے، مزید پروگرامز وفاق کی جانب سے جلد شروع کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہنر مند نوجوان پاکستان کا بہت بڑا منصوبہ ہے، مزید پروگرام لوگوں کی بہتری کے لیے لارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 15 روز کا وقت دیا تھا، فروری کے مہینے میں آپ دیکھیں گے کہ عمران خان بڑے فیصلے کرنے جارہے ہیں اور مہنگائی کی کمر توڑنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والی مافیا کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں