پیپلز پارٹی نے حکومت مخالف مارچ کا اعلان کر دیا


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اگلے ماہ حکومت کے خلاف مارچ کا اعلان کر دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے بجٹ آیا ہے مہنگائی اور بے روزگاری سمیت غربت میں اضافہ ہوا۔ اس حکومت کی ناکامی اور نالائقی ہی تھی جو آئی ایم ایف سے درست بات نہیں کر سکی۔ اس وجہ سے عوام مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ حکومت کو ملک اور عوام کے مفاد میں بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ آئی ایم ایف سے دوبارہ بات چیت کرے، ہم اگلے ماہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف احتجاج کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور غریب کو اس کا حق دیا، روزگار دیا لیکن موجودہ حکومت نے ایک سال میں کچھ کیا ہو یا نہ کیا ہو عوام سے روزگار ضرور چھینا ہے۔ پیپلز پارٹی نے تو مفت پاسپورٹ بنا کر بیرون ملک بھی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا مانتی ہے پہلا سوشل سیفٹی نیٹ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہم نے ایک سال میں دیا لیکن موجودہ حکومت اس پروگرام کو ختم کرنے پر لگی ہوئی ہے کبھی بے نظیر بھٹو کی تصویر تو کبھی نام ہٹا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ روزگار دیا اور آئندہ بھی دے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت شہروں میں جنگلات کو ضروری سمجھتے ہوئے لیاری سے منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں اور جلد ملیر میں بھی اس منصوبے کا آغاز کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سب جگہ کامیاب ہو گا مگر لیاری میں اس سے بڑے فائدے اور نوجوانوں کو مثبت کھیل کی ضروریات ملیں گی۔ لیاری میں فٹبال، باکسنگ سمیت سب حق ان کو دیں گے اس سے نوجوانوں کو فائدہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان میں جلد پولیو کا خاتمہ کر دیں گے، آرمی چیف

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لیاری کے فٹبال اسٹیڈیم میں موجود ادارے سے گزارش کرتے ہیں کہ اسٹیڈیم واپس دیا جائے تاکہ نوجوانوں کی سرگرمیوں کے لیے جگہ میسر آئے۔

انہوں نے کہا کہ عوام درخت لگانے میں ساتھ دیں یا صفائی ستھرائی میں ساتھ دیں ہم عوام کے شکرگزار ہوں گے۔ یہ کراچی کی عوام کا منصوبہ ہے اور اس کے لیے عوام کو ہی کردار ادا کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں